پاکستان اور عمان کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ، چھ معاہدوں کا تبادلہ*

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 14 اکتوبر: پاکستان اور عمان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے سفارتی روابط، میڈیا، اطلاعات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات سمیت مختلف شعبوں میں چھ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا ہے۔
یہ تبادلہ بدھ کو پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی میں ہوا۔ عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آئے ہیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور عمانی وزیر خارجہ نے اجلاس کی کارروائی سے متعلق پروٹوکول، سفارتی، خصوصی، سرکاری اور سروس پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے باہمی ویزا استثنیٰ کے معاہدے اور ریکارڈ و محفوظات سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
دیگر تین مفاہمتی یادداشتوں کا تعلق اطلاعات و نشریات، انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات اور خبروں کے تبادلے و میڈیا تعاون سے ہے۔
وزیراعظم نے عمان کو پاکستان کا اہم بحری ہمسایہ اور قابل قدر علاقائی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ عمانی وزیر خارجہ نے علاقائی کشیدگی کم کرنے اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
The full article is being collected. Available text is shown for now.