بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام کاروباری خواتین کے لیے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر (BFC) سے متعلق آگاہی سیشن کا انعقاد

کوئٹہ، : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر دیہی خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام کاروباری خواتین کے لیے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر (BFC) سے متعلق آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبے کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین انٹرپرینیورز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے اپنے خطاب میں صوبے کی عظیم ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا وژن ہے کہ خواتین اور نوجوانوں کو کاروبار اور ہنرمندی کی ترقی کی جانب راغب کیا جائے اور انہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے خود روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں اور صوبے کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کے اغراض و مقاصد سے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بی ایف سی کے ذریعے خواتین کو کاروبار شروع کرنے کے لیے ضروری رہنمائی، سہولیات اور متعلقہ اداروں سے رابطے میں معاونت فراہم کی جائے گی، تاکہ انہیں کاروباری سرگرمیوں کے آغاز میں درپیش مشکلات کو کم کرنے میں مدد مل سکے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی بی ٹیوٹا عبدالکبیر زرکون بی ٹیوٹا کی خدمات پر روشنی ڈالی جبکہ سی ای او بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ عبدالمنان نے بھی ادارے اور بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کے آپریشنز، خدمات اور کاروباری سہولیات کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر ایک پینل ڈسکشن کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں سیکریٹری محکمہ ترقیِ نسواں حکومتِ بلوچستان شیر شاہ غلزئی، منیجر سمیڈا محمد اقبال، سبی ویمن یونیورسٹی کے شعبہ مینجمنٹ سائنسز کی سربراہ محترمہ نازنین درانی، ایس آئی اے کے شریک بانی نثار آغا اور ڈوچ پاکستان کی چیف ایگزیکٹو آفیسر محترمہ دیدار مینگل نے شرکت کی۔ پینل کے شرکاء نے خواتین کو کاروباری مواقع، ادارہ جاتی معاونت، ہنرمندی، کاروبار کے فروغ اور دستیاب سہولیات کے حوالے سے مفید معلومات فراہم کیں۔ تقریب کے دوران خواتین انٹرپرینیورز کی جانب سے مختلف مصنوعات اور کاروباری سرگرمیوں پر مشتمل اسٹالز بھی لگائے گئے، جن کے ذریعے خواتین کی تخلیقی صلاحیتوں، کاروباری مہارتوں اور مقامی مصنوعات کو اجاگر کیا گیا۔ یہ آگاہی سیشن صوبے کی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے، ان میں کاروباری شعور اجاگر کرنے اور انہیں دستیاب سرکاری سہولیات سے مستفید ہونے کے مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
The full article is being collected. Available text is shown for now.