بیرسٹر گوہر کا عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے لاتعلقی کا اظہار، عدالت نے جواب کیلئے مہلت دے دی
اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف اس اکاؤنٹ کی ملکیت کا دعویٰ نہیں کرتی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری جواب جمع کرانے کیلئے مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 23 نومبر تک ملتوی کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس ارباب محمد طاہر نے شہری کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، عمران خان کے وکلا خالد یوسف چوہدری اور شمسہ کیانی سمیت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران جسٹس ارباب محمد طاہر نے بیرسٹر گوہر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ذاتی طور پر طلب نہیں کیا گیا تھا اور وہ صرف تحریری جواب بھی بھجوا سکتے تھے۔
اس موقع پر بیرسٹر گوہر علی خان نے عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی اس اکاؤنٹ کو اپنا تسلیم نہیں کرتی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت سے استدعا کی کہ حالات تبدیل ہو چکے ہیں، اس لیے جواب جمع کرانے کیلئے کچھ وقت دیا جائے۔ انہوں نے مزید مہلت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وقت ملنے پر تفصیلی جواب جمع کرا دیا جائے گا۔
عدالت نے بیرسٹر گوہر کی استدعا منظور کرتے ہوئے انہیں تحریری جواب جمع کرانے کیلئے مہلت دے دی اور کیس کی مزید سماعت 23 نومبر تک ملتوی کردی۔
The post بیرسٹر گوہر کا عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے لاتعلقی کا اظہار، عدالت نے جواب کیلئے مہلت دے دی appeared first on Dekho Suno Jano .
The full article is being collected. Available text is shown for now.